داسو مانسہرہ 765 کے وی منصوبہ

داسو مانسہرہ 765 کے وی منصوبہ، مالی اور تعمیراتی رکاوٹوں کا سامنا

داسو مانسہرہ 765 کے وی منصوبہ مالی، ڈیزائن، زمین کی دستیابی اور مختلف منظوریوں سے متعلق مسائل کے باعث مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔ منصوبے کے کنٹریکٹر نے متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔ چینی کمپنی سائنو ہائیڈرو نے نیشنل گرڈ کمپنی کو خط لکھ کر منصوبے سے متعلق زیر التوا ادائیگیوں، ڈیزائن منظوریوں اور تعمیراتی مقامات کی دستیابی کے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ کمپنی کے مطابق مختلف مدوں میں تقریباً 1.494 ارب روپے اور 146.677 ملین ڈالر کی ادائیگیاں زیر التوا ہیں۔ کنٹریکٹر نے متعدد تبدیلیوں اور اضافی کاموں سے متعلق ادائیگیوں اور منظوریوں کے معاملات بھی اٹھائے ہیں۔

داسو مانسہرہ 765 کے وی منصوبہ داسو ہائیڈرو پاور منصوبے سے پیدا ہونے والی بجلی کو منتقل کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔ کنٹریکٹر کے مطابق زمین کے حصول اور مختلف محکموں کے این او سیز سے متعلق مسائل کی وجہ سے متعدد ٹاور مقامات پر تعمیراتی کام متاثر ہو رہا ہے۔ کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل تاخیر کی صورت میں منصوبے کی تکمیل کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے اور معاہدے کے تحت اضافی وقت اور اخراجات کے دعوے سامنے آ سکتے ہیں۔ منصوبے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے نیشنل گرڈ کمپنی اور متعلقہ اداروں کی سطح پر معاملات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔