ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے طبی ماہرین نے متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، وزن کو قابو میں رکھنے اور وقتاً فوقتاً خون میں شوگر کی جانچ کو اہم قرار دیا ہے۔ لاہور میں ورلڈ ڈائبیٹیز ڈے کے حوالے سے ہونے والی سرگرمیوں میں ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ ماہرین کے مطابق موٹاپا، غیر متوازن غذا، جسمانی سرگرمی کی کمی اور موروثی عوامل ذیابیطس کے خطرے میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ روزانہ چہل قدمی یا مناسب ورزش اور صحت مند خوراک بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ طبی ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کو ادویات اور انسولین ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق استعمال کرنے، خون میں شوگر کی باقاعدہ جانچ اور پاؤں کی مناسب حفاظت پر بھی زور دیا۔