پاکستان کی سابقہ معروف اداکارہ نور بخاری نے اپنے شوہر عون چوہدری سے طلاق اور پھر ان سے دوبارہ (چوتھی بار) شادی کرنے کے فیصلے پر پہلی بار کھل کر لب کشائی کی ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ نور بخاری کی پہلی شادی عون چوہدری سے ہوئی تھی، لیکن اختلافات کے باعث ان کی طلاق ہو گئی۔ اس کے بعد نور بخاری نے دو شادیاں مزید کیں مگر افسوس وہ شادیاں بھی طلاق پر ہی ختم ہوئیں۔ اس کٹھن سفر کے بعد انہوں نے ایک بار پھر عون چوہدری سے ہی اپنی چوتھی شادی کی۔ حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں نور بخاری نے اس رازداری سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا: “ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہم دوبارہ شادی کریں گے، لیکن یہ سب اللہ کی مرضی ہوتی ہے۔ جب میں نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہا، سب کچھ چھوڑا اور اللہ کے راستے پر آئی، تو شاید اللہ پاک نے ہی ان کے (عون چوہدری) دل میں دوبارہ محبت ڈالی۔”
سابقہ اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ اور عون چوہدری دونوں ہی اس دوبارہ شادی کے فیصلے سے بے حد خوش ہیں اور الحمدللہ ایک بہترین اور پرسکون ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ نور بخاری کا کہنا ہے کہ جب انسان اللہ پر سب کچھ چھوڑ دیتا ہے تو فیصلے بھی بہترین ہوتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر مداحوں کی جانب سے ان کے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔