پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایشیا کپ سیمی فائنل میں، نیپال کو 101 رنز سے شکست

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں نیپال کو 101 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ پاکستان نے گروپ اے کے تینوں میچ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ عمان کے شہر العامرات میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ احمد حسین نے 73 گیندوں پر 89 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 95 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کی، جس سے پاکستان ایک مضبوط مجموعہ بنانے میں کامیاب رہا۔ جواب میں نیپال کی ٹیم 43.4 اوورز میں 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ احمد حسین نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور 35 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اب جمعرات 12 نومبر کو پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش انڈر 19 کے مدمقابل ہوگی۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کی ٹیم گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کے بعد ٹائٹل کے دفاع کے لیے اگلے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔