گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) پاکستان کالمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری سجاد مشتاق مہر کی قیادت میں ایسوسی ایشن کے ایک وفد جنرل سیکرٹری مفتی عمران احمد، نائب صدور چوہدری محمد عاصم گجر، راجہ افضال عزیز، ڈپٹی جنرل سیکرٹری چوہدری حمزہ اشتیاق ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری محمد شبیر انجم مصطفائی، ایگزیکٹو ممبران محمد ریاض انجم، ڈاکٹر محمد اعجاز بیگ اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات ایم فاروق انجم بھٹہ نے ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ گوجرانوالہ منور حسین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران باہمی تعاون، مثبت صحافت کے فروغ، قومی و علاقائی صورتحال، عوامی مسائل، سرکاری اداروں اور میڈیا کے درمیان مؤثر روابط، اطلاعات کی بروقت فراہمی اور عوامی آگاہی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر پاکستان کالمسٹ ایسوسی ایشن چوہدری سجاد مشتاق مہر نے کہا کہ “پاکستان کالمسٹ ایسوسی ایشن مثبت، ذمہ دار اور تعمیری صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ ہمارا مقصد قلم کے ذریعے معاشرے میں شعور، اتحاد اور قومی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہے۔ محکمہ تعلقاتِ عامہ اور صحافتی تنظیموں کے درمیان مضبوط تعاون عوام تک مستند معلومات کی مؤثر فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔”
ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ منور حسین نے پاکستان کالمسٹ ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ “صحافت ریاست اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ذمہ دارانہ صحافت معاشرے میں مثبت سوچ، اعتماد اور شعور کو فروغ دیتی ہے، اور محکمہ تعلقاتِ عامہ ہمیشہ صحافتی تنظیموں کے ساتھ مؤثر اور خوشگوار تعاون جاری رکھے گا۔”
وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ تعلقاتِ عامہ اور پاکستان کالمسٹ ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے، جس سے عوام تک درست، مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی اور مثبت معاشرتی اقدار کے فروغ میں مدد ملے گی۔