وزیراطلاعات

وزیراطلاعات نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو نمایاں کرنے سے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح کردیا

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ)وفاقی وزیراطلاعات و نشریا ت سینیٹر شبلی فراز نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو نمایاں کرنے سے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح کردیا ۔جمعرات کو تین روزہ نمائش کا انعقاد وزارت اطلاعات و نشریات نے کیا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تصویری نمائش میں رکھی گئی نایاب تصاویر جدوجہد آزادی کو نمایاں کرتی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ نمائش سے نئی نسل کو قیام پاکستان کیلئے اپنے بزرگوں اور قائدین کی جدوجہد سے متعلق آگاہی ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم نے جس خواب کو حقیقت کا روپ دیا اسکی اہمیت اب مزید واضح ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کو مضبوط اور مستحکم پاکستان دیں۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند کرنے کیلئے خودانحصار قوم کے طور پر ابھرنا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معاشی اور سماجی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ موجودہ حکومت نے نئے پاکستان کا وڑن دے کر خود کو عوامی ترقی کیلئے وقف کر دیا۔ انہوںنے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں کی جانب سے ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ ماضی کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ مادر وطن کو مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارے نے مقبوضہ وادی کو عملا جیل میں تبدیل کردیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارا فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کو مضبوط اور مستحکم پاکستان دیں،ہم ملک کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کرکے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو جتنے بھی چیلنج درپیش ہیں ان کی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں۔