لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے کارڈیک ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے عوام کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ جیسی مہنگی طبی سہولت عوام کو مفت فراہم کرنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت ہر ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر تک کے اخراجات خود برداشت کرے گی۔ 16 ارب روپے کی لاگت سے تیار جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 250 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال ہے، جہاں عالمی معیار کی طبی مشینری اور دل کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ہسپتال میں عالمی ماہرین امراض قلب کی نگرانی میں مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب، ایم آر آئی، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز، کارڈیک وارڈز، پیتھالوجی لیب، ریڈیالوجی، آئی سی یو اور ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف شعبے فعال کردیئے گئے ہیں۔ جدید ترین مشینری کے ذریعے دل کے مریضوں کے علاج اور تشخیص کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی، جبکہ پہلی انجیو گرافی بھی کی جائے گی۔ مریم نواز شریف نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر، انجیو سوئٹ، ڈائیگناسٹک روم، او پی ڈی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں جدید ہارٹ لنگز مشین، اعلیٰ ترین ٹیسلا ایم آر آئی اور دیگر طبی آلات کا معائنہ کیا اور جدید سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹرز اور نرسز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محب وطن پاکستانی بن کر مریضوں کی خدمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں ہر ڈیوٹی کو اللہ تعالیٰ کی امانت سمجھ کر انجام دیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اس تصور کو بدلنا ہوگا کہ پاکستان میں اچھا کام نہیں ہوسکتا اور بہترین علاج یا خدمات کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور ماہر ڈاکٹرز کی خدمات سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر حسنات خان کو پاکستان آکر طبی خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر حسنات خان نے کہا کہ وہ پاکستان میں خدمت کا موقع ملنے پر شکر گزار ہیں اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی تربیت میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے متعدد ہیلتھ پروگرامز کے ثمرات صرف صوبے تک محدود نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام ان سے مستفید ہورہے ہیں۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر اظہر کیانی، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ڈاکٹر عدنان خان، سی ای او آئی ڈی اے پی شاہ میر اقبال، سیکریٹریز ہیلتھ عظمت محمود اور نادیہ ثاقب سمیت دیگر متعلقہ ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔