لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے الوداعی ملاقات کی۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی وزیراعلیٰ آفس آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ ملاقات کے دوران نواز شریف اور مریم نواز نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے سعودی سفیر کی سفارتی خدمات کو سراہا۔
نواز شریف اور مریم نواز نے نواف بن سعید المالکی کی دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کاوشوں اور خدمات کی تعریف کی۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کو یادگار قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان میں ملنے والی محبت، تعاون اور پرخلوص میزبانی پر نواز شریف اور مریم نواز سمیت متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔