ٹیوولڈے گیبریماریئم

پی آئی اے سے منسلک قیاس آرائیاں ختم، ٹیوولڈے گیبریماریئم ایئر انڈیا کے سی ای او مقرر

چند ماہ قبل فضائی صنعت کے حلقوں میں یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ سابق ایتھوپین ایئرلائنز کے سربراہ ٹیوولڈے گیبریماریئم ممکنہ طور پر پی آئی اے کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ان کا نام ایوی ایشن ماہرین اور مبصرین کی گفتگو کا اہم موضوع بنا رہا۔ ایئر انڈیا نے اپنی ویب سائٹ پر باضابطہ اعلان کرتے ہوئے ٹیوولڈے گیبریماریئم کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) اور منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔
ایئر انڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مطابق عالمی سطح پر امیدواروں کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ تنظیمِ نو کے ابتدائی مرحلے سے آگے بڑھ کر اب تیز رفتار توسیع، بہتر آپریشنز اور عالمی مسابقت کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے، جس کے لیے تجربہ کار قیادت کا انتخاب ناگزیر تھا۔
اس اعلان کے بعد وہ تمام قیاس آرائیاں بھی دم توڑ گئی ہیں جن میں ٹیوولڈے گیبریماریئم کا نام پی آئی اے کی ممکنہ قیادت کے لیے لیا جا رہا تھا۔ اب ان کی تمام توجہ ایئر انڈیا کو عالمی ایوی ایشن کی صفِ اول کی ایئرلائنز میں شامل کرنے پر مرکوز ہوگی۔ جنوبی ایشیا کی فضائی صنعت میں یہ تقرری ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ خطے کی ایئرلائنز اس وقت جدید طیاروں، بین الاقوامی روٹس، آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔