اداکار اور اینکر ساحر لودھی

اداکار اور اینکر ساحر لودھی پر بیوہ خاتون سے 40لاکھ روپے ہتھیانے پر مقدمہ درج

تفصیلات کے مطابق اداکار اور ٹی وی میزبان ساحر لودھی اور اس کے ساتھ فیصل کے خلاف مبینہ طور پر ایک بیوہ خاتون کے 40لاکھ روپے سرمایہ کاری کے نام پر ہتھیانے پر کراچی کے تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں لانڈھی مجید کالونی کی رہائشی نغمہ وکیل کی درخواست پر درج کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق مقدمہ نمبر 1569/2026 میں ساحر لودھی اور فیصل نامی شخص کو نامزد کیا گیا ہے۔
مدعیہ کے مطابق ان کی ملاقات فیصل نامی شخص کے ذریعے ساحر لودھی سے ہوئی، جس کے بعد انہوں نے سرمایہ کاری کے مقصد سے ساحر لودھی کو 40 لاکھ روپے دیے۔ خاتون کے مطابق سرمایہ کاری کے عوض انہیں ابتدا میں ایک مرتبہ ڈھائی لاکھ روپے اور دوسری مرتبہ 4 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ اور بعد ازاں انہیں اصل رقم کی واپسی کیلئے مختلف مالیت کے متعدد چیک دئیے گئے جو باؤنس ہوگئے ۔مدعیہ کا دعویٰ ہے کہ اس حوالے سے ساحر لودھی کو آگاہ کیا گیا، جس کے بعد مزید رقم کے چیک بھی دیے گئے مگر وہ بھی کلیر نہ ہوسکے۔ مقدمے کے مطابق ساحر لودھی کے ساتھی فیصل ضیاء کی جانب سے بھی 20 لاکھ روپے کا ایک چیک دیا گیا مگر وہ بھی کیش نہ ہوسکا۔
جس کے بعد خاتون نے ڈسٹرکٹ جج ملیر کی عدالت میں ضابطہ فوجداری کی دفعات 22-A اور 22-B کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی۔ اب عدالت کے حکم پر ساحر لودھی اور اس کے ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ تاہم ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی ۔