پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مظفرگڑھ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اورجنوبی پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹس پر قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوخراج تحسین پیش کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے مظفر گڑھ میں الیکٹروبس اور صاف پانی پراجیکٹ شروع کرانے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوؤں کی بجائے عوام کی حقیقی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے۔جنوبی پنجاب میں گزشتہ برس سیلاب آنے پر خود ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔انہوں نے کہا کہ ہر پسماندہ اور محرومی کا شکار علاقوں کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا سب سے بڑی خوشی ہے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر میگا پراجیکٹ کا آغاز جنوبی پنجاب سے کرکے شاندار مثال قائم کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بے لوث خدمت نے جنوبی پنجاب کے عوام کے دل جیت لیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی توجہ دیکر پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی قسمت بدل دی ہے۔ فضل مل تا خانپور بگا شیر،ریلوے پھاٹک تا محمود ملز، جھنگ موڑ تا ترکی ہسپتال اور ریلوے پھاٹک تک الیکٹروبس سروس سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر لوکل روڈ پروگرام کے تحت ضلع مظفر گڑھ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیرو مرمت سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔