پنجاب پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے نیا قانونی فریم ورک متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے جس کے تحت مقدمے سے بری، ڈسچارج یا کیس خارج ہونے والے شہریوں کو سرٹیفکیٹ پر متعلقہ مقدمے کی تفصیلات درج ہونے سے تحفظ مل سکے گا۔ پنجاب پولیس آرڈر ترمیمی بل 2026 کو قانون سے متعلق قائمہ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ مجوزہ قانون کے مطابق اگر کسی شہری کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہ ہو تو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ تین دن میں جاری کیا جاسکے گا۔
بری ہونے والے شہری کو عدالت کے مصدقہ فیصلے کی نقل فراہم کرنا ہوگی اور دستاویزات کی تصدیق کے بعد سرٹیفکیٹ 15 دن میں جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملازمت، ویزا اور امیگریشن کے معاملات میں شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا ہے۔