انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم

انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم کے احکامات کی روشنی میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری

ریجن فیصل آباد میں 177 پولیس افسران کی ترقیوں کی منظوری, انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم کے احکامات کی روشنی میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی زیرِ صدارت ریجنل پولیس آفس فیصل آباد میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریجن فیصل آباد کے 177 پولیس افسران کی محکمانہ ترقیوں کی منظوری دی گئی۔ پروموشن بورڈ کے فیصلے کے مطابق 68 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر جبکہ 109 ہیڈ کانسٹیبلان کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ترقی پانے والے تمام افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمانہ ترقی ہر افسر و اہلکار کا بنیادی حق ہے، جس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے اور عوامی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ آر پی او نے ترقی پانے والے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت، دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ عوام کو بہترین پولیسنگ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجن بھر میں پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ حوصلہ افزائی اور میرٹ کی بنیاد پر ترقیوں کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا، کیونکہ ایک باصلاحیت، باحوصلہ اور متحرک پولیس فورس ہی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔