لاہور، سرور فاؤنڈیشن ہسپتال رجانہ میں ایک خاتون نے بیک وقت چار بچوں کو جنم دیا ہے۔ ہسپتال کی ماہر گائناکالوجسٹ ڈاکٹرصباء باجوہ اور ان کی تربیت یافتہ طبی ٹیم نے انتہائی حساس اور مشکل آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔سرورفاؤنڈیشن کے فاؤنڈر وسابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور اورسرورفاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بیگم پروین سرور نے چار بچوں کی پیدائش پران کے ماں باپ اورڈاکٹرصباء باجوہ سمیت ان کے ٹیم ممبرز کودلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے،ان کاکہنا تھا کہ سرورفاؤنڈیشن رنجیدہ انسانیت اور معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ ڈاکٹر صباء باجوہ کامزید کہنا تھا کہ ماں اور چاروں بچے مکمل طور پر نارمل اورصحتمند ہیں۔ڈاکٹروں نے اس کیس کو انتہائی پیچیدہ قرار دیا تھا کیونکہ ایک ساتھ چار بچوں کی پیدائش میں ماں اور بچوں کی زندگی کو کئی خطرات درپیش تھے۔ اس طرح کے معاملے میں بروقت فیصلہ، مسلسل مانیٹرنگ، جدید طبی سہولیات اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی موجودگی بہت ضروری ہوتی ہے۔سرور فاؤنڈیشن ہسپتال کے پروفیشنل ڈاکٹرز نے کیس کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے بروقت ہر ضروری انتظام مکمل کر لیا تھا۔ آپریشن کے دوران ماں اور بچوں کی صحت کو مسلسل مانیٹرکیاگیا۔ طبی ٹیم کی مہارت اور بروقت اقدامات کے باعث پیچیدہ آپریشن کامیاب رہا۔چار بچوں کی محفوظ پیدائش پر اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سرور فاؤنڈیشن کے فاؤنڈر چوہدری محمدسرور،چیئرپرسن بیگم پروین سرور،سرورفاؤنڈیشن ہسپتال کے پیشہ ور ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ خاتون کے والد نے بتایا کہ ہسپتال کے سٹاف نے ہر مرحلے پر ان کی اچھی رہنمائی کی اور بھرپور تعاون کیا۔ڈاکٹرصباء باجوہ کا کہنا تھا کہ سرور فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے ہسپتال میں تمام بنیادی اور جدید مشینری اور سہولیات کی وجہ سے آپریشن کامیاب ہوا۔