عمرہ ویزے منسوخ

سعودی عرب نے پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ ، عمرہ زائرین کے داخلے پرعارضی پابندی

اسلام آباد (مسلم ورلڈ) پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد سعودی عرب نے پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ کردیے۔ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅکے خدشے کے پیش نظر عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی لگادی ہے۔

سعودی عرب نے پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ کردیے ہیں جس کے نتیجے میں کراچی، سیالکوٹ اور اسلام آباد سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔

ایوی ایشن ڈویژن نے پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کو ہدایات جاری کردی ہیں ۔ حکام کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمرہ ویزے پر جانے والوں کے متعلق نئے احکامات پر عملدرآمد کیاجا رہا ہے۔

کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پاکستان بھر میں خوف کی فضا ہے۔ محکمہ صحت نے حالیہ چند روز کے دوران ایران سے واپس آنے والے 1500زائرین اور ان کے اہل خانہ کی فہرستیں مرتب کرلی ہے جس میں ان کے نام ، پتے ، قومی شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبرز بھی شامل ہیں۔