حفیظ شیخ

سیلز ٹیکس ریفنڈ کی 72 گھنٹوں میں ادائیگی نہ ہو تو مجھ سے رابط کریں،حفیظ شیخ

کراچی (ڈیلی مسلم ورلڈ ) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد ایکسپورٹس بڑھنا شروع ہوئی اور ایف بی آر کے ٹیکس محاصل بہتر ہوئے ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ اس وقت پاکستان ایشیا کی بہترین مارکیٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے مسائل سب جانتے ہیں، لیکن ہمیں بہترین ٹیم کو اکٹھا کرنا ہے، پاکستانی معیشت کو بہتر کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے آلات لا رہے ہیں۔ حفیظ شیخ نے کہا کہ اداروں کو خودمختاری دینا چاہتے ہیں، بجٹ کو حکومتی اخراجات کم کرنے کے باوجود بڑھایا گیا، حکومت بجلی،گیس، ٹیوب ویل اور کھاد پرسبسڈی دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کی 72 گھنٹوں میں ادائیگی نہ ہو تو مجھ سے رابط کریں۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ شرح تبادلہ پالیسی درست کرنے کی وجہ سے حکومت پر تنقید ہوئی، کورونا وائرس کے بعد ایکسپورٹس بڑھنا شروع ہوئی اور ایف بی آر کے ٹیکس محاصل بہتر ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مل کر کام کریں گے اور ملکی معیشت کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ لیں گے، پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی مارکیٹ ڈھونڈیں، ہم سب مل کر پاکستانی عوام کی توقعات پوری کریں گے۔