چوہدری سرور

عثمان بزار کی نیب میں پیشی کو انہیں عہدے سے ہٹانے کا جواز قرار دینا درست نہیں’ چوہدری سرور

لاہور( ڈیلی مسلم ورلڈ)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ وزیر اعلی عثمان بزار کی نیب میں پیشی کو انہیں عہدے سے ہٹانے کا جواز قرار دینا درست نہیں،عثمان بزدار وزیر اعلی ہیں اور رہیں گے ،آئندہ ڈیڑھ سال کے دوران پنجاب آب پاک اتھارٹی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 820آر او /یو ایف پلانٹس مکمل کر لے گی،

تمام فیصلے سو فیصد شفاف ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گور نر ہائوس لاہور میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے چیئر مین جنرل (ر) احمد نواز میلا ،بورڈ رکن گوہر اعجاز اور چیف ایگز یکٹو زاہد عزیز سمیت دیگر کے ہمراہ پر یس کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی میں شفافیات اور میرٹ کو یقینی بنارہے ہیں، ہم خود کو ہر وقت احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ ابھی تک پنجاب آب پاک اتھارٹی نے جتنا بھی کام کیا ہے اس پرحکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا بلکہ تمام اخراجات پنجاب آب پاک اتھارٹی کے بورڈ اراکین نے برداشت کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پنجاب آب پاک اتھارٹی کو ایک بہتر ین اور کامیاب ادارہ بنائیں گے ۔

گورنر نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے5.5بلین روپے کے پی سی ون تیار ہوچکے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان ، مَیں اوروزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ایک پیج پر ہیں ،انشاء اللہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر یں گے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی انٹر نیشنل اور مقامی فلاحی تنظیموں کیساتھ ملکر بھی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام کر ے گی اور آئندہ ڈیڑھ سال میں 820آراو پلانٹس اور700واٹر سپلائی سکیمیں مکمل ہوجائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی میں ایک بھر تی بھی نہیں ہوئی 300غیر قانونی بھر تیوں کی بات کہاں سے آگئی؟۔

اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سب کچھ میرٹ پر ہوگا۔ سیاسی سوالات کے جواب دیتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت کی پہلے دن سے ہی یہ پالیسی رہی ہے کہ میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور جب بھی نیب کسی حکومتی شخصیت کو بلاتی ہے تو پیش ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو کر پشن جیسے ناسور سے ہر صورت نجات دلانے پر یقین رکھتی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم شفاف احتساب کے حامی ہیں اور خود کو ہر وقت احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے پریقین نہیں رکھتی، نیب صرف اپوزیشن کے لوگوں کو ہی نہیں بلکہ ہمارے لوگوں کی بھی بلا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نیب کس کو بلاتی ہے یہ نیب کا اختیار ہے اس سے حکومت کاکوئی لینا دینا نہیں، ہم اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کر رہے ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میںچوہدری محمدسرور نے کہا کہ نیب دفتر کے باہرپیش آنیوالے واقعے کی شفاف تحقیقات ہوں گی اور معاملے کی حتمی انکوائری کے بعد ذمہ داروں کیخلاف حکومت ایکشن لے گی ۔

چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی جنرل (ر) احمد نواز میلا نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی نے سالوں کا کام مہینوں میں کر دیا ہے اور انشاء اللہ ہم نے پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا جو وعدہ کر رکھا ہے اس پر مکمل عمل کر یں گے اور شہروں کیساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی پینے کا صاف پانی فراہم کر نا ہماری اولین تر جیح ہے۔

گوہر اعجاز نے پر یس کانفر نس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک پنجاب آب پاک اتھارٹی نے پنجاب کے خزانہ سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا مجھے پنجاب ڈویژن میں فلٹر یشن پلانٹس کی ذمہ دار دی گئی ہے اور ہم جو پر اجیکٹ ابھی شروع کر رہے ہیں انشاء اللہ وہ ایک سال میں مکمل کر یں گے۔