مظفرگڑھ: مظفرگڑھ کینال میں شیخو شوگر ملز کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مشوری خاندان کو لے جانے والا رکشہ اچانک بے قابو ہو کر نہر میں جا گرا۔ حادثے کے نتیجے میں خواتین، مردوں اور بچوں سمیت 25 افراد پانی میں ڈوب گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔ ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوبنے والے افراد کو تلاش کرنے کی کوششیں شروع کیں۔
حادثے میں اب تک 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران 4 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ دیگر لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نہر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق لاپتا افراد کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں اور دیگر دستیاب وسائل کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ افسوسناک حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ متاثرہ خاندان کے عزیز و اقارب اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی کے لیے امدادی کارروائیوں پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔