وزارت خارجہ

وزارت خارجہ افسران کے بیرون ملک تبادلوں میں سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ)وزارت خارجہ کے دو افسران نے اپنے محکمے میں بیرون ملک تبادلوں اور تقرری کے پلان میں بیرون ملک تبادلوں کی 2015 کی پالیسی کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق دو افسران کی جانب سے سیکرٹری خارجہ کے نام خطوط میں کہا گیا ہے کہ 12 افسران کا پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تبادلہ کیا گیا اور بعض افسران کو مسلسل تیسری بیرون ملک پوسٹنگ بھی دی گئی۔افسران نے خط میں کہاکہ غیر ملکی تبادلوں کے پلان میں پالیسی کی سنگین خلاف ورزیوں اور من پسند افسران کو نوازنے سے متعدد افسران کے کرئیر پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ غیر ملکی پوسٹنگ کے اگست 2020 کے پلان کو منسوخ کر کے 2015 کی پالیسی کے تحت پوسٹنگ کے عمل کا آغاز کیا جائے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بیرون ممالک تبادلوں میں میرٹ کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بیرون ملک تبادلوں کی پالیسی ایک گائیڈ لائن ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ تبادلے کی پالیسی کا مقصد وزارت خارجہ کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، بیرون ملک تبادلے کوئی فرد نہیں کرتا بلکہ ایک مکینزم کے ذریعے کیے جاتے ہیں، دفتر خارجہ پابند نہیں کہ افسران کا تبادلہ ان کی ترجیح کے مقام پر کرے۔