لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس منصوبے کی کامیابی اور نتائج کا جامع کیس اسٹڈی تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچنے چاہییں اور ان کے اثرات کا باقاعدہ جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے سیوریج اور ڈرینج منصوبوں کی افادیت جانچنے کے لیے متعلقہ حکام سے امپیکٹ اسٹڈی رپورٹ طلب کر لی، جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے عوامی آراء اور فیڈ بیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ آئندہ منصوبہ بندی میں شہریوں کی تجاویز کو شامل کیا جا سکے۔ مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے فوراً بعد پنجاب کے تمام شہروں میں خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کا جامع سروے کرانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایسی عمارتوں کی بروقت نشاندہی کر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، شہری سہولیات کی بہتری، شفاف مانیٹرنگ اور عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تمام منصوبوں پر معیار اور رفتار کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔