گرلز سائیکل ریس

وزیراعلیٰ سندھ یوم پاکستان انٹر کالجیٹ ٹور ڈی مزار قائد گرلز سائیکل ریس کا افتتاح کرینگے۔رفیق برڑو

کراچی (مسلم ورلڈ) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کراچی میں کالجز کی طالبات کے درمیان بین الاقوامی معیار کی سائیکل ریس کے بھرپور انعقاد کےلئے تیاریاں زوروشور سے شروع کردی گئیں ہیں۔

ریس کے انتظامات کے سلسلہ میں آج سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ رفیق احمد برڑو نے سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائیکورٹ اور سیکریٹری جنرل ملک کلیم احمد اعوان سے خصوصی ملاقات کی اور ان سے اب تک کی پیش روفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری سید شجاعت حسین بھی موجود تھے۔ عابد علی ایڈووکیٹ نے سیکریٹری ایجوکیشن کو بتایا کہ مزار قائد کے چاروں اطراف منعقد ہونے والی اس سائیکل ریس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق شایان شان انداز میں منعقد کیا جائے گا۔

کلیم اعوان نے سیکریٹری ایجوکیشن کو بتایا کہ مزارقائد کو چاروں طرف سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے گا جس کے لئے حکومتی ، سیاسی اور کاروباری اداروں سے رابطہ کرلیا گیا ہے اور انشاءاللہ یہ سائیکل ریس پوری دنیا میں پاکستان کا نام اونچا کریگی۔

سیکریٹری ایجوکیشن رفیق احمد برڑو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ بہت بے چینی کے ساتھ اس ریس کے منتظر ہیں اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی بھی اس سائیکل ریس کے انعقاد کے سلسلے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں ۔

انشاءاللہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سائیکل ریس کی افتتاحی و اختتامی تقریبا ت میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے طالبات اور انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کےلئے موجود ہونگے۔

سیکریٹری ایجوکیشن نے مزید بتایا کہ 100سے زائد طالبات اس سائیکل ریس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دیکھائےں گی جن میں سے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو بیش قیمت انعامات سے نوازا جائے گا۔