ڈینگی کے خاتمے

ڈینگی کے خاتمے کے لیے جائزہ لینے ڈپٹی کمشنرننکانہ کی زیر صدارت اجلاس کاانعقاد

ننکانہ صاحب(ڈسٹرکٹ رپورٹر)حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈینگی کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کی تشکیل کردہ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرننکانہ صاحب راجہ منصوراحمد کی زیر صدارت اجلاس کاانعقاد کیا گیا ۔جس میں ڈینگی کے خاتمے کے حوالے سے ضلع بھر کے تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال، چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت ڈاکٹر شکیل احمد، چیف آفیسر تحصیل کونسل ،سی ای او تعلیم احسن فرید،ڈی آر ٹی اے عطیہ قمر، اسسٹنٹ ڈائرکٹر ماحولیات عبدالقیوم سمیت محکمہ صحت کی تشکیل کردہ ڈینگی ٹیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر تمام متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کو ڈینگی لاروا کے خاتمے کے حوالے سے بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ اب تک ضلع بھر کے تالابوں اور جوہڑوں میں پچاس ہزار سے زائد مچھلیاں چھوڑی گئی ہیں جوکہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لیے معاون ثابت ہونگی ،100سے زائد ٹائرشاپش کو چیک کیا جاچکا ہے جبکہ 60سے زائد سروس اسٹیشنز کا بھی معائنہ کیا جاچکا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمدنے کہا کہ ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کے مقامات کی چیکنگ کے سلسلے میں ضلع بھر میں اب تک 795ہاٹ سپاٹ جگہوں کو چیک کیا جاچکا ہے، ڈینگی سٹاف کی کارکردگی کا تسلسل سے معائنہ کیا جارہا ہے،تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو ترجیحی بنیادوں پر اداکریں تاکہ انسدادی و حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کسی جگہ کوئی کمی نہ رہنے پائے۔ ضلع بھر میںجہاں بھی ڈینگی لاروا برآمد ہوتا ہے اس کو فوری طور پر تلف کردیا جاتا ہے ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمدنے محکمہ صحت، میونسپل کمیٹیوں سمیت ماحولیات، کوآپریٹو، فشریز، سوشل ویلفیئر ،سول ڈیفنس سمیت تمام ضلعی محکموں کی انفرادی رپورٹیں لے کر کارکردگی چیک کی اور ان کومزید بہتری لانے ہدایات جاری کیں۔