پولیو کے قطرے

ضلع بھرکے 2لاکھ46 ہزار5سو 63بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے،ڈپٹی کمشنر ننکانہ

واربرٹن( نمائندہ خصوصی)ضلع بھر میں پولیو مہم 15 سے 18اگست تک جاری رہے گی جس کے لیے ضلعی سطح اور تحصیل کی سطح پر فوکل پرسن مقرر کردیے گئے ہیں،

انشااللہ مقررہ وقت میں ضلع بھرکے 2لاکھ46 ہزار5سو 63بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے،اپنے بچوں کوپولیو ویکسین کے دو قطرے پلاکر اس عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے والدین اپنا کردارقومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے 15اگست سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)محمد عثمان خالد،چیف ایگزیکٹو آفیسرمحکمہ صحت ڈاکٹر شکیل احمد شاہد ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر واجد،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر اسفند یار، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر کاشف ، ڈپٹی ڈی ایچ اوز کے علاوہ سماجی کارکن حمید رحمانی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے محکمہ صحت،محکمہ پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ڈیوٹی کو قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں اور پولیو کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار نبھائیں اس سلسلہ میں غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور مہم کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی ایک بھی بچہ پولیو کے قطرے لینے سے نہ رہ جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام الناس کو پولیو کے علاوہ دیگر مہلک بیماریوں سے بچانا حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،پولیوکے لا علاج مرض اور عمر بھر کی معذوری سے بچاﺅ کے لیے پولیو کی ویکسین ہی واحد اور محفوظ طریقہ ہے، اپنے پانچ سال تک کے ہر بچے کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں پولیو مہم کے دوران 2لاکھ46 ہزار5سو 63بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے جس کے لیے کل 689ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں، پولیو مہم کوکامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کی 624موبائل ٹیمیں گھر گھر اور تعلیمی درسگاہوں میں ،65 فکسڈ ٹیمیں دیہی و بنیادی مراکز صحت ،ریلوے اسٹیشن، لاری اڈوں، اہم چوکوں ، چوراہوں ، بس اسٹاپس اور بازاروں میںکل 689ٹیمیں بچوں کو قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گی۔