فواد عالم

سابق کرکٹرز کی نیک تمنائیں فواد عالم کے کام نہ آسکیں

ساﺅتھمپٹن(ڈیلی مسلم ورلڈ) سابق قومی کرکٹرز کی نیک تمنائیں فواد عالم کے کام نہ آسکیں اور ان کی جانب سے عمدہ کارکردگی

کی بھاری توقعات کا محل محض چار گیندوں میں مسمار ہو گیا اور فواد عالم کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹنا پڑا۔سابق کپتان

اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ فواد

عالم عمدہ کارکردگی دکھا سکتے ہیں اور ان کا اسکور کرنا ٹیم کیلئے بھی مفید ثابت ہوگا لیکن حقیقت یہی ہے کہ بری طرح گھبراہٹ

میں مبتلا فواد عالم اپنے انوکھے اسٹانس اور غیر روایتی انداز کے باعث صفر تک محدود رہے۔سابق قومی کپتان محمد یوسف نے

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے کو بڑا ایڈوانٹیج قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دس سال کے بعد فواد عالم کو اپنی پوزیشن مستحکم

کرنے کا موقع ملا ہے لہٰذا وہ اس میچ میں رنز بنا کر خود پر سے دباو کم کر سکتے ہیں اور پاکستانی ٹیم بھی بہتر پوزیشن میں

آسکتی ہے مگر بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو شدید پریشر کے سبب مشکلات سے دوچار دیکھا گیا۔سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا

تھا کہ فواد عالم بخوبی سمجھتے ہیں کہ دباو کے عالم میں رنز کیسے بنائے جاتے ہیں اور انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں

بارہا اس بات کو ثابت کیا لہٰذا بہتر موقع ملنے پر وہ موثر کھیل پیش کر سکتے ہیں۔ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم

میں پلٹ کر وار کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔