پولیو

ڈپٹی کمشنر ننکانہ کی زیرصدارت پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

واربرٹن(نمائندہ خصوصی)پولیو کی ویکسین ہی پولیو سے بچاﺅکا واحد اور محفوظ طریقہ ہے، پولیومہم کے دوران اپنے5 سال تک کے ہر بچے کو پولیو سے بچاو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے ضلع بھر میں جاری پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صولت حیات وٹو،سی او ہیلتھ ڈاکٹر شکیل احمد،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کامران سمیت محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شکیل احمد نے اجلاس کو پولیو ٹیموں کی دن بھر کی کارکردگی کے حوالے سے آگا کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کوکامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں گھر گھر اور تعلیمی درسگاہوں میں،فکسڈ ٹیمیں دیہی و بنیادی مراکز صحت جبکہ ٹرانزٹ ٹیمیں ریلوے اسٹیشن، لاری اڈوں، اہم چوکوں، چوراہوں، بس اسٹاپس اور بازاروں میں کل 689ٹیمیں 2لاکھ 46ہزار 5سو63 بچوں کو قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دے رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ڈیوٹی کو قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں اور پولیو کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اس سلسلہ میں غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو مہم کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی ایک بھی بچہ پولیو کے قطرے لینے سے نہ رہ جائے۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے دورے کیے اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس گرم موسم میں محکمہ صحت کے ملازمین بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر عمر بھر کی معزوری سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔