ناقص سیوریج

پیرمحل،گندگی کے ڈھیروں اور ناقص سیوریج کے باعث شہر میں ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریوں کاخطرہ منڈلانے لگا

پیرمحل(نمائندہ خصوصی )گندگی کے ڈھیروں اور ناقص سیوریج کے باعث شہر میں ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریوں کاخطرہ منڈلانے لگا ۔ پیرمحل کو حکومت پنجاب کی جانب سے 2013ءمیں باقاعدہ طور پرتحصیل کادرجہ تو دے دیا گیامگرشہریوںکودرپیش مسائل کم ہونے کی بجائے ان میں اضافہ حیران کن ہے ۔

شہرکے گنجان آباد محلے گندگی کی آماجگاہ بن چکے ہیں جس کہ وجہ سے شہریوں کا صاف ستھری فضا ءمیں سانس لینا بھی خواب بن کر رہ گیا ہے ۔اگر جائزہ لیا جائے تو شہر کے اہم چوکوں ،بازاروں اور گلی کوچوں میں جگہ جگہ پڑے گندگی و غلاظت کے ڈھیر،ابلتے گٹر اور نالیاںمبینہ طور پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو ظاہر کرنے کیلئے کافی ہیں حالانکہ شہرمیں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر کرنے کا عوامی مطالبہ بہت دیرینہ ہے۔ جیسے جیسے شہر کی آبادی میں اضافہ ہو رہاہے ویسے ہی صفائی انتظامات بھی بد سے بد تر ہوتے نظر آتے ہیں ۔

گلی محلوں اور دیگر مقامات کی صفائی کروانے کیلئے شہریوں کو بااثر افراد کی سفارشات کا سہارا لینا پڑرہا ہے ۔گلیوںاور بازاروں میں کھڑا سیوریج کا پانی مچھروں کی افزائش نسل میں اضافے کا موجب بن رہا ہے۔شہریوںکی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے ماضی میں تحصیل انتظامیہ نے چیف آفیسرکی زیر نگرانی ایک شکایت سیل بھی قائم کیا تھا مگر تحصیل افسران کے تمام تر دعوﺅں اور وعدے وعید کے باوجود تحصیل کا درجہ رکھنے والے قدیم شہر میں گندگی و غلاظت کے ڈھیر نظر آنا انتہائی مایوس کن ہے۔ شہری تنظیموں کے عہدیداروں سمیت عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔