رنگے ہاتھوں گرفتار

حافظ آباد:اینٹی کرپشن کا چھاپہ، محکمہ ایکسائز کا کلرک رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

حافظ آباد (نمائندہ خصو صی) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گجرانوالہ کی بروقت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے حافظ آباد سے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے جونئیر کلرک کو گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد عتیق کو 12000 ہزار بطور رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

ملزم نے گاڑی کی رجسٹریشن کے لئے رشوت وصول کی تھی۔ ملزم سے رشوت کی رقم برآمد کر کے اینٹی کرپشن تھانہ حافظ آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نعیم بھٹی کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ سرکل آفس حافظ آباد اور جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملکر کیا۔

ملزم کے خلاف مکمل چھان بین کے بعد مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں عوام کے اعتماد کی بحالی کے لئے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ ضروری ہے۔