ملک نعمان لنگڑیال

73ویں یوم آزادی کے موقع پر بطور قوم ہمیں اپنا احتساب کرنیکی ضرورت ہے ‘ ملک نعمان لنگڑیال

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ)صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان کے 73ویں یوم آزادی کے موقع پر بطور قوم ہمیں اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے ،بد قسمتی سے آج وہ اپوزیشن جماعتیں عوام کو سماجی ،معاشی انصاف اور حقوق میسر نہ آنے کا رونا رو رہی ہیںجو کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض رہیں ۔

پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک کو قائد اعظم کے خواب کے مطابق اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے لیکن اس کیلئے ابھی طویل جدوجہد باقی ہے ۔ انشا اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب اس ملک سے کرپشن کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ ہوگا اور پاکستان دنیا کے مہذب ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور غریب کی زندگیوں میں آسودگی اور خوشحالی لانے کا جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں گامزن ہو چکا ہے ۔

وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہاکہ یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی مضبوطی اور ملک کو آگے لے جانے کے لئے ہر کوئی اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرے گا ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، بد خواہ اور مایوسی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اورانہیں منہ کی کھانا پڑے گی ۔