پاک سر زمین پارٹی

پاک سر زمین پارٹی کا کراچی کو 18 ٹاونز اور ایک ڈسٹرکٹ میں تبدیل کرنے کا مطالبہ

کراچی (ڈیلی مسلم ورلڈ)پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کراچی کو 18 ٹاونز اور ایک ڈسٹرکٹ میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کل کراچی آرہے ہیں،آرمی چیف اور گورنر پنجاب سمیت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی بھی کراچی کے دورے کر چکے ہیں، امید کرتا ہوں کہ وزیراعظم صرف پیکج کا اعلان کرکے نہیں جائیں گے، پیکج سے کراچی کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا جاسکتا، سب کے مل بیٹھنے سے امید ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل نکلے گا۔

اس موقع پر مصطفی کمال نے مطالبہ کیا کہ سیلابی صورتحال میں امدادی پیکیج 18 ویں ترمیم کے تحت نچلی سطح تک دیا جائے اور کراچی کو 18 ٹاونز اور ایک ڈسٹرکٹ میں تبدیل کیا جائے،کراچی کو اس کے حقوق دیئے جائیں، بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات اور فنڈز دیئے جائیں، این ایف سی کے سارے پیسے وزیراعلیٰ لے کر بیٹھ جاتے ہیں، فنڈز نچلی سطح تک نہیں پہنچائے جاتے۔

مصطفی کمال نے تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گجر نالے اور دوسرے نالوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے تو ڈرینج کے اسی فیصد مسائل حل ہوجائیں گے،نالے کے دونوں اطراف سروس روڈ بنائے جائے تو اس پے کوئی قبضہ نہیں کرےگا۔

سابق میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ صرف انکروچمنٹ ہٹانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،سندھ حکومت نالوں پر رہنے والوں کو سروے کرکے پلاٹ فراہم کرے اور ایک لاکھ روپے کا چیک دے۔ اس سے قبل کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی،جہاں پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی عدالت نے جیل حکام کو آئندہ سماعت پر ملزم سابق چیف سیکریٹری سندھ لالہ فضل الرحمان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی