مسرت جمشید چیمہ

بھارت کی طرف سے جنگ کا تھوپا جانا پاکستانی قوم کے ریاستی نصب العین ،قومی اتحاد اور حب الوطنی کو بہت بڑا چیلنج تھا ‘ مسرت چیمہ

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ 6ستمبر کا دن پاک بھارت 1965کی جنگ میں افواج کی دفاعی کارکردگی اور قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے ، اس دن کا مقصد پاکستان کے دفاع اور عسکری طاقت کو مضبوط کرنے کی تجدید کرنا ہے تا کہ مستقبل میں روایتی حریف بھارت سمیت کسی بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے،6ستمبر کا دن کبھی نہ بھولنے والا قابل فخردن ہے جب کئی گنا بڑا ملک افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ جذبہ شہادت کا شوق رکھنے والی فوج اورقوم کے ساتھ ٹکرایااور اس کا غرور خاک میں مل گیا۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے یوم دفاع کے حوالے سے حلقہ این اے127میںویمن کالج باغبانپورہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پرچم کشائی اور جنگ ستمبر کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر پرنسپل فرزانہ کشور سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ 1965 کی پاکستان اور بھارت کی اس جنگ میں ثابت ہوا کہ جنگیں ریاستی عوام اور فوج متحد ہو کر ہی لڑتی اور جیت سکتی ہیں۔ پاکستانی قوم نے اپنے ملک سے محبت اور مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اورجانثاری کے جراتمندانہ جذبے سے تکبر سے لتھڑے ہوئے دشمن کے ہوش گم کردئیے جو آج بھی اپنے زخم چاٹ رہا ہے ۔

1965 میں بھارت کی طرف سے جنگ کا تھوپا جانا پاکستانی قوم کے ریاستی نصب العین دوقومی نظریہ،قومی اتحاد اور حب الوطنی کو بہت بڑا چیلنج تھا جسے جری قوم نے کمال و قار اور بے مثال جذبہ حریت سے قبول کیا اور لازوال قربانیوں کی مثال پیش کر کے زندہ قوم ہونے کاثبوت دیا۔