ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا

ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا رکھنے والوں کے لیے اہم شرط، ہر نئے عمرہ سفر سے قبل سروس پیکیج اور پرمٹ لازمی

ریاض: ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا رکھنے والے زائرین کے لیے سعودی عرب نے اہم وضاحت جاری کردی ہے۔ ایک سال کے لیے کارآمد یہ ویزا زائرین کو متعدد مرتبہ سعودی عرب میں داخلے کی سہولت فراہم کرتا ہے، تاہم صرف ویزا موجود ہونا ہر مرتبہ اپنی مرضی سے سعودی عرب سفر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب نے جولائی میں ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرایا تھا، جو جاری ہونے کی تاریخ سے 365 دن تک کارآمد رہتا ہے۔ اس ویزے کے اہل حاملین مقررہ مدت کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں۔

تاہم سعودی حکام کی وضاحت کے مطابق ہر نئے عمرہ سفر کے لیے زائرین کو متعلقہ طریقہ کار دوبارہ مکمل کرنا ہوگا۔ زائرین کو ہر مرتبہ سعودی عرب روانگی سے قبل ایک نیا سروس پیکیج حاصل کرنا ہوگا، جس کے بعد عمرہ ادا کرنے کے لیے متعلقہ عمرہ پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر کوئی زائر ایک ہی سال کے دوران دوسری یا تیسری مرتبہ عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب جانا چاہتا ہے تو اسے ہر نئے سفر کے لیے سروس پیکیج حاصل کرنے اور عمرہ پرمٹ کے حصول کا عمل دوبارہ مکمل کرنا ہوگا۔

سعودی حکام کی جانب سے یہ وضاحت اس لیے سامنے آئی ہے تاکہ زائرین ایک سالہ ویزے کی سہولت کو سفر کی غیر مشروط اجازت نہ سمجھیں اور عمرہ ادائیگی سے قبل تمام ضروری تقاضے پورے کریں۔ یوں ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا زائرین کو مقررہ مدت کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب جانے کی سہولت ضرور دیتا ہے، تاہم ہر عمرہ سفر کے لیے تازہ سروس پیکیج اور متعلقہ عمرہ پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔