شہری گرفتار

بھارت میں “پاکستان زندہ باد” کے نعرے بلند کرنے والا ہندو شہری گرفتار، غداری کا مقدمہ درج

نئی دہلی (مسلم ورلڈ) پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے اس انڈین شہری کی شناخت راگھویندر کے نام سے ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک بار پھر پاکستان کی حمایت میں نعروں کی گونج سنائی دی ہے۔

حالیہ واقعہ ریاست کرناٹک کے شہر کندا پور میں پیش آیا جہاں ایک انڈین شہری نے پولیس کے سامنے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے۔واضح رہے کہ ریاست کرناٹک میں پاکستان کی حمایت میں نعرے لگانے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

حالیہ واقعے میں راگھویندر نامی 42 سالہ شہری نے سرکاری دفتر میں داخل ہو کر وہاں پولیس کی موجودگی میں پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنا شروع کر دیے۔وہاں موجود لوگوں نے اس شخص کی موبائل کے ذریعے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

راگھویندر کو جب پولیس نے حراست میں لیا، تب بھی وہ بار بار پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتا رہا۔مقامی لوگوں اور کنداپور کے تحصیلدار کی جانب سے اس شخص کے خلاف پولیس میں تحریری شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے راگھویندر کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم اس شخص کی دماغی حالت کے سلسلے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید معلومات فراہم کرینگے۔ کنداپور پولیس سٹیشن میں راگھویندر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اس کیخلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج ہوا ہے۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں حالیہ دنوں میں پاکستان کی حمایت میں نعرے لگانے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔