عثمان بزدار

خواتین کو جو حقوق اسلام نے دیئے مغرب میں ان کا تصور بھی نہیں، عثمان بزدار

لاہور (مسلم ورلڈ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دین اسلام نے خواتین کو بڑا رتبہ اور مقام دیا ہے، خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے ہیں، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا، حکومت نے صنفی امتیاز کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی و معاشی خودمختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔

خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالی نے ماں، بیٹی اور بہن جیسے عظیم اور خوبصورت رشتوں کا امین بنا کر عورت کو تقدس و احترام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز کا قیام عمل لایا گیا ہے۔ خواتین کی رہنمائی کیلئے پنجاب ویمن ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ خواتین کی آگاہی کیلئے ڈیجیٹل آن لائن میگزین متعارف کرایا گیا ہے۔

خواتین کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے برابری کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ آج خواتین عملی میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی ایک روشن معاشرے کی تشکیل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے۔

ملک کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے خواتین کے عملی میدان میں کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ پاکستانی خواتین انتہائی با صلاحیت، قابل اورمحنتی ہیں۔ پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نام کمایا ہے۔