زلفی بخاری

زلفی بخاری کی بطور چیئرمین پی ٹی ڈی سی بورڈ تعیناتی اور ملازمین کی برطرفیوں کیخلاف کیسز پر وفاق کو جواب داخل کرانے کی مہلت

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے زلفی بخاری کی بطور چیئرمین پی ٹی ڈی سی بورڈ تعیناتی اور ملازمین کی برطرفیوں کیخلاف کیسز پر وفاق کو جواب داخل کرانے کی مہلت دیدی ۔

منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کیسز کی سماعت کی ۔ وفاق نے جواب جمع کرانے اور دلائل کے لیے ایک بار پھر مہلت مانگی لی ۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یہاں عمومی طور پر دیکھا گیا ہے کہ زیادہ تر کیسز میں پٹیشنر کی طرف سے التوا نہیں ہوتا۔ جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ پولیس، تحصیلدار، ڈپٹی کمشنر اور وفاقی حکومت کیسز کے جواب دینے میں تاخیر کرتی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیاکہ گزشتہ سماعت پر بھی آپ نے التوا مانگا آج پھر التوا مانگ رہے ہیں

۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ پھر کیسز کے التوا کا الزام بھی عدالتوں پر آتا ہے۔ وکیل ملک قمر افضل نے کہاکہ عدالت کی طرف سے کوئی ابزرویشن ہی آجائے ملازمین بچارے بے آسرا بیٹھے ہوئے ہیں۔ وکیل ملک قمر افضل نے کہاکہ میری تجویز ہے کہ اگر روزمرہ کے ملازمین کے اخراجات کا بندوبست ہو جائے تو بہتر ہو گا۔ وکیل نے کہاکہ پی ایم ڈی سی کے ملازمین کو تو چھ ماہ کی تنخواہیں دے دی گئی تھیں۔

وکیل حافظ عرفات نے کہاکہ جن لوگوں نے ملک کا تعارف کرایا آج ان پر ہی ادارے کی تباہی کا الزام لگایا جا رہا ہے، کوویڈ کا کہہ کر 28 سے 30 سال کی سروس والوں کو برطرف کر دیا گیا، ملک میں ٹورزم کے فروغ کے لیے پی ٹی ڈی سی ملازمین نے بہت کام کیا۔وکیل ملزمین نے کہاکہ اب ملازمین کو بیکار کہہ کر فارغ کر دیا گیا ہے۔عدالت نے 8 ستمبر کو وفاق سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔