سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ ہوا ہے اور معتمرین میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں سال حج کے بعد 15 ذوالحج 1448 ہجری سے عمرہ سیزن کا آغاز ہوا تھا اور تب سے لے کر 29 محرم تک ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 لاکھ سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا۔ سعودی وزارت کے مطابق پاکستان سے سب سے زیادہ 2 لاکھ عمرہ زائرین آئے، اس کے بعد انڈونیشیا سے ایک لاکھ 70 ہزار اور پھر عراق سے ایک لاکھ 30 ہزار زائرین مملکت پہنچے۔ واضح رہےکہ سعودی عرب نے عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا تھا۔ ویزوں کی آخری تاریخ یکم شوال 1448ھ (9 مارچ 2027) ہے، جب کہ زائرین کے داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448ھ (23 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے۔ سعودی عرب سے زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448ہجری، 7 اپریل 2027 مقرر کی گئی ہے۔
سعودی حکام نے زائرین کو ہدایت کی ہےکہ وہ بروقت رجسٹریشن اور سفری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ عمرہ ادائیگی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔