شنگھائی میں ریکارڈ بارش نے شہر میں گزشتہ 150 سال کے دوران بارش کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال پیدا ہوگئی۔ چینی موسمیاتی حکام کے مطابق شوجیاؤہوئی موسمیاتی اسٹیشن پر صرف 24 گھنٹوں کے دوران 312.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق 1872 میں بارش کی باقاعدہ ریکارڈنگ شروع ہونے کے بعد یہ شنگھائی میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔
رپورٹس کے مطابق شنگھائی کے تانگ چیاؤ موسمیاتی اسٹیشن پر بھی بارش کی شدت انتہائی غیر معمولی رہی، جہاں بارش کی مجموعی مقدار تقریباً 400 ملی میٹر تک پہنچ گئی۔ شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری معمولات متاثر ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ موسمیاتی اداروں کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کو شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اتنی کم مدت میں غیر معمولی مقدار میں بارش شہری انفراسٹرکچر کے لیے بڑا چیلنج بن سکتی ہے، خصوصاً گنجان آباد شہروں میں نکاسی آب کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔