شہباز شریف

عالمی برادری قاتل مودی پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلائے ‘ شہباز شریف

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری قاتل مودی پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلائے ،عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کو بندوق اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے ،کشمیریوں نے پھر ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ،مودی بڑی غلط فہمی میں ہے کہ وہ اپنی چالبازیوں، فوجی جبرواستبداد سے کشمیریوں کو جھکا لے گا،کشمیریوں نے عظیم قربانیوں اور شہادتوں سے اپنے نصب العین کی حفاظت کی ہے۔

5 اگست 2019 کے بھارت کے غاصبانہ غیرقانونی اقدامات کو ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ برہان مظفروانی شہید سے لے کر ننھے سالار کے نانا تک کو ناحق گولیوں سے چھلنی کیا گیا،ہر کشمیری لے کر رہیں گے آزادی ، پاکستان سے رشتہ کیا؟ لاالہ اللہ کا ولولہ انگیز اعلان کررہا ہے ،اپنے شہداء کوپاکستانی پرچم میں دفن کرکے کشمیری ہر روز دنیا کو بتارہے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔

ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے ،کشمیری دو قومی نظریے، پاکستان کی شہ رگ اور تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،ظلم کی سیاہ رات مٹ کر رہے گی ، اللہ رب زوالجلال کا وعدہ ہے کہ حق غالب اور باطل مٹ کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، میر واعظ سمیت صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،بے مثال بہادری پر اہل کشمیر کو سلام پیش کرتے ہیں،حکومت پاکستان کشمیری قائدین کی بے مثال جدوجہد پرخصوصی اعزازات کا اعلان کرے ،چوہدری غلام عباس مرحوم سمیت آزادی کشمیر کے قائدین، رہنمائوں، کارکنان اور شہداء کی کاوشوں، قربانیوں اور سرفروشیوں کااعلی ترین سطح پر اعتراف کیاجائے ،ہر سال 5 اگست کو یہ اعزازات دئیے جائیں،اس دن کو سید علی گیلانی ڈے کے طورپر منایاجائے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان آج کے ہٹلر اور اس کی نسل کشی پر آنکھیں بند نہ کریں،ظالم کے مقابلے میں مظلوم کا حق ہے کہ اپنے دفاع میں کسی بھی حد تک جائے ،مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کوجمہوری وقانونی حق نہ ملنا، امریکہ و مغرب کی جمہوریت کے ساتھ وابستگی کے محض لفاظی ہونے کا ثبوت ہے ،ہر پاکستانی کا نعرہ ہے کہ کشمیری پاکستانی ہیں، پاکستان کشمیر یوں کا ہے۔