اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے اور آنکھوں کے علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔ پمز انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب ہسپتال لایا گیا۔ ماہرین نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور آنکھوں کا جائزہ لیا، جبکہ اہم طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے۔ ماہرینِ چشم نے انہیں Anti-VEGF انجیکشن بھی لگایا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق علاج کے دوران ان کی طبی حالت مستحکم رہی۔ بعد ازاں تقریباً ڈھائی بجے انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور مزید علاج اور فالو اَپ کے لیے ضروری طبی ہدایات فراہم کی گئیں۔