اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی مالی سہولت منظور کردی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے دوران پاکستان کو فوری مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا اور آفات سے پیدا ہونے والے معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مطابق پاکستان میں قدرتی آفات کے باعث ہر سال بڑے پیمانے پر معاشی نقصان ہوتا ہے، جبکہ کم آمدنی والے اور کمزور طبقات ان حالات سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ نئی مالی سہولت کے ذریعے ہنگامی حالات میں بجٹ سپورٹ فراہم کرنے، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ بہتر بنانے اور مستقبل کے موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط کرنے پر توجہ دی جائے گی۔