میانوالی: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے چشمہ-5 منصوبے کے ڈوم کی کامیاب تنصیب مکمل کرلی، جسے منصوبے کی تعمیر میں ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چینی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے منصوبے پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے چشمہ-5 کو صاف اور کم اخراج والی بجلی کی پیداوار کے حوالے سے اہم منصوبہ قرار دیا۔ چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت 1200 میگاواٹ ہوگی جبکہ منصوبے سے ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔