پاکستان میں بارش اور برفباری

پاکستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے، جو 12 نومبر کو مزید مضبوط ہوسکتا ہے اور 14 نومبر کی صبح تک بالائی علاقوں پر اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد، پوٹھوہار، میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا، مری اور گردونواح میں بھی بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔