نمائندہ اقوام متحدہ, نکولائی ملادینوف

غزہ میں صورتحال بگڑ رہی ہے، نمائندہ اقوام متحدہ

اقوام متحدہ (مسلم ورلڈ) مشرق وسطی میں امن عمل کیلئے اقوام متحدہ کے رابطہ کار نکولائے لادینوف نے سیکیورٹی کونسل کو بتایا ہے کہ خطے میں صورتحال بگڑ رہی ہے، ہم غزہ سے میزائل داغنے اور جواب میں اسرائیل کے فضائی حملوں بارے مسلسل بات کررہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیل کی دفاعی افواج نے فلسطینی اسلامی جہاد (پی آئی جے)کے 2 عسکریت پسندوں کو اتوار کے روز گولی مار دی جو غزہ کی باڑ کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد سے پی آئی جے کے عسکریت پسندوں کی جانب سے اسرائیل کی طرف 40 سے زائد راکٹ داغے گئے ہیں جس کے جواب میں اسرائیل کی دفاعی افواج نے پٹی پر متعدد فضائی حملے کئے جن سے غزہ میں 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے راکٹ اور مارٹرز کو فوری طور پر روکنے پر زور دیا جو کہ غزہ کو نہ ختم ہونے والی نئی دشمنی میں دھکیل دے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ راکٹوں کو عوامی مقامات پر اندھا دھند داغنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جسے ختم ہونا چاہئے۔

غزہ میں جاری صحت کے بحران بارے لادینوف نے مقامی ترجمان کے حوالے سے کہا کہ جنوری کے آخر تک ضروری ادویات کا 46 فیصد مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 18 فروری کو اسرائیل کی دفاعی افواج نے تقریبا 12 لاکھ امریکی ڈالر کی ادویات غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جس سے سنگین صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

لادینوف نے فلسطینی حکومت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرے اور غزہ میں صحت کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوششیں بڑھائے۔