پاکستانی برآمدات

ملائیشیا کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 43.43 فیصد اضافہ

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ) ملائیشیا کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 43.43 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 7.27 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے ۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2019-20ء کے دوران ملائیشیا کو231.480 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات کی گئیں جومالی سال 2018-19ء کے مقابلے میں 43.43 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2018-19ء کے دوران ملائیشا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 161.38 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق جون2020ء میں ملائشیا کو16.79 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات کی گئیں۔گزشتہ سال جون میں ملائیشیا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 28.01 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال میں ملائشیاء سے درآمدات میں 7.27 فیصدکمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مالی سال 2019-20ء کے دوران ملائیشیا سے درآمدات کا حجم 948.35 ملین ڈالررہا۔ مالی سال 2018-19ء میں ملائشیاء سے درآمدات کا حجم 1.017 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔ جون 2020ء میں ملائشیا سے 85.01 ملین ڈالرمالیت کی درآمدات کی گئیں۔ گزشتہ سال جون میں ملائشیا سے 58.35 ملین ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔