اشرف بھٹی

موجودہ حالات میں کاروبار کو سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت ہے‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور/سیالکوٹ/گوجرانوالہ ( ڈیلی مسلم ورلڈ) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں

نہیں چاہتیں کہ ہمارا ملک ترقی کرے اس کے لئے ہمیں ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے مضبوط اتحاد قائم کرنا ہوگا،

موجودہ حالات میں کاروبار کو سہولیات مہیا کرنے کی اشد ضرورت ہے ، تاجر برادری امسال بھی جشن یوم آزادی کو بھرپور

طریقے سے منائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ملاقات کے لئے آنے والے

تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان کو عزت اور احترام دے ،

ملک بھر میں لاکھوں کی تعدادمیں تاجر حکومت کو سالانہ اربوں روپے ٹیکسز کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن ہمارے دیرینہ مسائل

حل نہیں کئے جاتے ۔ اگر حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتی ہے تو اسے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو عزت دینا ہو گی بلکہ ان کے

مسائل بھی حل کرنا ہوں گے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ تاجروں سمیت ہر شعبے کیلئے الگ الگ فوکل پرسنز کی تعیناتی کرے

جو حکومت اور ان مختلف تنظیموں کے درمیان پل کا کردار ادا کریں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت تاجروں کو معیشت کے لئے

ریڑھ کی ہڈی تو قرار دیتی ہے لیکن اس کی بعض پالیسیاں اس ہڈی کو مفلوج کرنے کا باعث ہیں جن پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ۔