ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا انڈونیشیا کے اپنے ہم منصب رتنو مارسودی سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انڈونیشیا کے اپنے ہم منصب رتنو مارسودی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے اپنے حالیہ خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت میں تبدیلی کی کوششوں کے پیش نظر اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کو اس معاملے کو زیر بحث لانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ماہ اگست کیلئے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی صدارت کا منصب انڈونیشیا کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ غیر قانونی اقدام اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارت کی جانب سے لاین آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں سے پورے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پر امن حل کیلئے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کو اپنی قراردادوں کی روشنی میں موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ہمیں توقع ہے کہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اپنا مجوزہ کردار ادا کریگی۔