کینیڈین پاکستانی رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد

پاکستان کینیڈا تعلقات کے فروغ پر زور،کینیڈین پاکستانی رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد کی میزبانی میں خصوصی استقبالیہ تقریب منعقد

کینیڈین پاکستانی رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد کی جانب سے اپنے گھر پر پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم، ارکانِ پارلیمنٹ سمیر زبیری (مونٹریال) اور اسلم رانا (ہیملٹن)، قونصل جنرل خلیل باجوہ، کاروباری شخصیات، مقامی میڈیا کے نمائندوں اور کمیونٹی کے منتخب افراد کے اعزاز میں ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر قونصل جنرل خلیل باجوہ نے ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل خانے کی نئی عمارت اور اس کی منتقلی کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ نئی لوکیشن پر کمیونٹی کو مزید بہتر اور مؤثر قونصلر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال بھی کیا-