خرم شیر زمان

پیپلز پارٹی کو آخری موقع دیا ہے، اب کراچی میں کام کرنا پڑے گا، خرم شیر زمان

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ) پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیا، کراچی کی ترقی کے لیے پیپلز پارٹی کو آخری موقع دیا ہے اب ان کو کام کرنا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو آخری موقع دے رہے ہیں، اقدامات اٹھائیں، جو شہر پورے ملک کو چلاتا ہے، اس کا کوئی ماسٹر پلان ہی نہیں، ہمیں معلوم ہی نہیں کہ کراچی کا نظام کیا ہے، پیپلزپارٹی کو اب آپ کو گرانڈ میں آنا پڑے گا اور کام کرنا پڑے گا۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کراچی کے مسائل حل اور عوام کو ریلیف ملے، شہرقائد کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں،

کراچی میں شہریوں کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی بہت اہم مسئلہ ہے یہاں ٹینکر مافیا کا راج ختم ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کراچی میں گورنرراج لگایا جائے، تاجربرادری نے قرارداد پاس کی کہ کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے، کراچی سے ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، ہم نے کراچی کی بہتری کیلئے ایک کڑوا گھونٹ پیا ہے، ہم کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں گندگی،اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کا جامع نظام مرتب کرنا ہوگا، ماس ٹرانزٹ کے حوالے سے ابھی کوئی خبر نہیں، ٹرانسپورٹ مسئلے کے حل کیلئے اورنج، ریڈلائن منصوبے جلد مکمل ہونے چاہئیں، ہم اس طرح خاموشی سے بیٹھ نہیں سکتے۔ رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کی تباہی کا کوئی ذمہ دارہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، پیپلزپارٹی نالوں پر12سال میں تعمیرات پر جواب دے، چیف منسٹر صاحب2برجز،4انڈر پاسز بنانےسے کراچی نہیں چل سکتا، ایسانہیں ہوسکتا این ایف سی کے پیسے پیپلزپارٹی کو دیتے رہیں، کام بھی نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی جب سے اقتدار میں آئی ہے سندھ کے لوگ سسک رہے ہیں، لوگوں کے پاس علاج، پینے کا پانی، ٹرانسپورٹ اور کھانے کو کچھ نہیں، میرا شہر کراچی روزانہ رو رہاہے، مجھے اس کی فکر ہے، ہمارے دلوں میں صوبہ سندھ دھڑکتا ہے، کراچی شہر سندھ کا ہے اور رہے گا، ہم صرف کراچی نہیں پورے صوبے کوٹھیک کریں گے۔