کرونا وائرس کے ایران میں

کرونا وائرس کے ایران میں پنجے، 6 ہلاک ، زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد

کوئٹہ (مسلم ورلڈ) یران سے کورونا وائرس پاکستان پہنچنے کے خدشے کے سبب پاک ایران سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جس کے بعد ایران سے پاکستان آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ایران میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی اطلاعات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی جام کمال خان نے بتایا کہ ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جب کہ وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر کے لیے خصوصی ٹیمیں بنادی گئی ہیں جو تفتان اور دیگر علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے محکمہ صحت بلوچستان نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تفتان میں سینٹر قائم کردیا گیا جس میں 7 ڈاکٹرز ضروری طبی سامان لے کر پہنچ گئے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق طبی عملے کی تربیت کے لیے این آئی ایچ کی ٹیمیں اسلام آباد سے وہاں پہنچ رہی ہیں، جلد ہی تفتان میں پی ڈی ایم اے کی معاونت سے 100 بیڈ پر محیط اسپتال قائم کیا جائے گا، پاک ایران سرحد پر پہلے ہی دو ڈاکٹر تعینات ہیں۔

کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کر دی گئی، پابندی بلوچستان حکومت نے وائرس کی پاکستان منتقلی کے خطرے کے پیش نظر لگائی۔بتایا گیا ہے کہ تفتان میں موجود 100کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے، چھپ کر جانے والے زائرین کو روکنے کیلئے خصوصی چیک پوسٹیں قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم تفتان پہنچی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سو بستروں کا خیمہ اسپتال، صاف پانی کا سسٹم اور دس ہزار ماسک تفتان روانہ کر دیے ہیں۔صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تفتان میں مقامی اہلکاروں کی معاونت کے لیے کوئٹہ سے ٹیم پہنچی ہے، 6 رکنی ٹیم اہلکاروں کو تربیت دے گی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق اب تک کوئی بھی مسافرایران کے ذریعے پاکستان میں داخل نہیں ہوا ہے۔

دوسری طرف محکمہ صحت نے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر ایران سے منسلک سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں کرونا وائرس سے 6 اور اٹلی میں 2 افراد ہلاک ہو گئے، چین میں مزید 96 ہلاکتیں، مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 442 ہو گئی۔

دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 78 ہزار 599 ہو گئی۔چین کے علاوہ خطرناک وائرس کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں پھیلتی جا رہی ہیں، چین مزید 630 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی، ایران میں کرونا وائرس سے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، متاثرین کی تعداد 18 ہو گئی۔

وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایران کے شہر قم کے ایک ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے جبکہ شہر کے تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔اٹلی میں کرونا وائرس سے 2 ہلاکتیں، مریضوں کی تعداد 79 ہو گئی۔ اٹلی کے وزیراعظم کا کرونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں آنے جانے پر پابندی کا اعلان کر دیا، کرونا وائرس کے باعث 3 فٹ بال میچ منسوخ کردئیے گئے۔ جنوبی کوریا میں بھی 123 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں۔