وزارت خزانہ

کورونا کے سبب پاکستان کی برآمدات میں 24 فیصد کمی

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ) مالی سال 2019-20 کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 24 فیصد کمی واقع ہوئی ہے،وفاقی وزارت خزانہ

نے برآمدات میں کمی کی بنیادی وجہ لاک ڈاؤن کا نفاذبتایا ہے۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق

گزشتہ مالی سال کے دوران خطے کے ممالک افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کو کی

جانے والی قومی برآمدات 3.738ارب ڈالر تک کم ہوگئیں جبکہ مالی سال 2018-19 کے دوران برآمدات کا حجم 4.678 ارب ڈالر رہا۔

اس طرح مالی سال 2019 کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال 2020 کے دوران ہمسایہ ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں 92 کروڑ

ڈالر یعنی 24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب درآمدات میں کمی کے باعث ہمسایہ ممالک سے کی جانے والی تجارت کے

خسارے میں بھی کمی ہوئی ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق مالی سال کے دوران افغانستان کو کی جانے والی برآمدات 25.5 فیصد کی

کمی سے 1.192 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 888.913 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔چین کو کی جانے والی برآمدات بھی 10.5 فیصد کم ہو

گئیں اور گزشتہ مالی سال 2020 کے دوران برآمدات کاحجم 1.663 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ مالی سال2019 میں چین کو 1.858

ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بھارت کو کی جانے والی قومی برآمدات میں

سب سے زیادہ 90.8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال 2019 کے دوران بھارت کو 311.958 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی

تھیں جو گزشتہ مالی سال 2020 کے دوران 28.644 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔ایرانی برآمدات 2.942 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 0.055

ملین ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ بنگلہ دیشی برآمدات کا حجم بھی 6.79 فیصد کی کمی سے 744.720 ملین ڈالر کے مقابلے میں

694.124 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔مزید برآں سری لنکا کو کی جانے والی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 5.49 فیصد کمی

ریکارڈ کی گئی اور برآمدات کا حجم 303.761 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 287.941 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔دوسری جانب نیپال کو

کی جانے والی ملکی برآمدات گزشتہ مالی سال میں 86.7 فیصد اضافہ سے 21.679 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ مالی سال 2019

میں نیپال کو 2.872 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔مالدیپ کو کی جانے والی برآمدات بھی 37.36 فیصد اضافہ سے 6.172

ملین ڈالر کے مقابلہ میں 8.478 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران ہمسایہ ممالک کو کی جانے

والی قومی برآمدات میں مجموعی طور پر 24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔