شاہ محمود قریشی

امید ہے ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر بھارتی قیادت سے ضرور بات کریں گے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (مسلم ورلڈ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت پر امید ظاہر کی ہے کہ وہ اس دوران بھارتی قیادت سے مسئلہ کشمیر پر ضرور بات کریں گے، کشمیر کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈا ون ہے،

موجودہ بھارتی سرکار نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے معاملے کو مزید الجھایا، ایسی صورت میں بات آگے نہیں بڑھ سکتی، بھارت کو اپنے رویے اور پالیسی پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اور پاکستان میں امن و استحکام کشمیر کے حل سے ممکن ہے، خطے کے امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کو دنیا سراہا رہی ہے لہذا بھارت خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہاتھ بڑھائے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ امریکی صدر کو تشویش ہے کہ مسئلہ کشمیر پر دو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے ہیں، ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک میں کوئی بھی تنازع پوری دنیا کو متاثر کرسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ٹرمپ کا بھارت میں پاکستان کی تعریف کا بیان خوش آئند ہے، پاکستان سے متعلق امریکا کے موقف میں خوش گوار تبدیلی آئی ہے، امید ہے صدر ٹرمپ کشمیر مسئلے پر بھارتی قیادت سے ضرور بات کریں گے۔

افغان امن سے متعلق انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے میں افواج پاکستان کی کاوشیں قابل مثال ہیں، افغانستان میں امن و استحکام میں کے لیے پاکستان کا کردار سب کے سامنے ہے۔

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ بھارت کے دورے پر ہیں جہاں وہ بھارتی وزیراعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔